لاہور: حساس اداروں نے داسو بس حملے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد (ش ح ط) حساس اداروں نے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کے دوران داسو میں چینی انجینیئرز پر حملے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق داسو حملے میں ملوث لاہور سے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ داسو حملے میں استعمال گاڑی لاہورمیں مقیم شخص کی ملکیت تھی جبکہ گرفتار کئے گئے 2 سگے بھائیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے، دونوں 15سال سے ڈیفنس پی بلاک میں رہائش پذیر تھے۔

واضح رہے کہ 14 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان کے علاقے داسو میں چینی کارکنوں کو کام پر لے جانے والی بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ 39 زخمی ہوئے تھے۔

واقعہ کے 24 گھنٹے گزرنے کے بعد پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں واقعے میں دھماکہ خیز مواد استعمال ہونے کے شواہد ملنے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں دہشت گردی خارج از امکان نہیں ہے۔

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے 19 جولائی کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ اسے پاکستان میں چینی مسافروں کی بس میں دھماکے پر تشویش ہے اور ’چین کا کراس ڈیپارٹمنٹل جوائنٹ ورکنگ گروپ پاکستان کے ساتھ مل کر اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔‘

ترجمان کے مطابق ‘ہمارے خیال سے یہ واحد واقعہ تھا۔ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اپنے ملک میں چینی شہریوں اور املاک کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس میں واضح کیا تھا کہ داسو ڈیم کا منصوبہ سی پیک کا حصہ نہیں ہے مگر یہ چین اور پاکستان کے باہمی تعاون کا الگ منصوبہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں