کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 14 افراد کے قتل میں ملوث سپاہ محمد کا دہشت گرد گرفتار

کراچی (بیورو رپورٹ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 14 افراد کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے دہشت گرد علی رضا نقوی کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے کراچی میں عائشہ منزل کے قریب سے 14 افراد کو قتل کرنے والے کالعدم تنظیم کے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے مبینہ ٹارگٹ کلر علی رضا نقوی سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، اس کا ایک ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے، گرفتار ملزم سید علی رضا 14 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں نے تیموریہ میں طاہر ملا نامی شخص کو قتل کیا، شریف آباد میں میڈیکل اسٹور پر 2 افراد کو قتل کیا، تیموریہ کے علاقے میں بھی فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کیا، ملزمان نے شریف آباد میں فوٹو اسٹیٹ کی دکان پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم خواجہ اجمیر نگری میں مسجد باب الاسلام پر فائرنگ میں بھی ملوث ہے، مسجد پر فائرنگ سے 8 نمازی ہلاک ہوئے تھے۔

ملزم اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد پڑوسی ملک ایران چلا گیا تھا اور واپس آنے کے بعد اپنا گینگ دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم شام میں لڑنے والی عسکری تنظیم زینبیون کے لوگوں سے بھی رابطے میں تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں