اقوام متحدہ: سلامتی کونسل کی داسو دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

جینوا (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے داسو دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

سلامتی کونسل نے واقعے پر متاثرہ خاندانوں اور حکومت پاکستان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے جب کہ دہشتگردی میں 9 چینی اور 3 پاکستانیوں کی موت اور دیگر کے زخمی ہونے پراظہار افسوس کیا گیا۔

سلامتی کونسل کا کہنا ہےکہ ہرقسم کی دہشتگردی کو عالمی امن کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں، دہشتگردی کے مجرموں، سرپرستی اور مالی تعاون کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، عالمی قانون، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مجازحکام پاکستان اور چین سے تعاون کریں۔

سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ دہشتگردی مجرمانہ فعل ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا، دہشتگردی خواہ کسی بھی جذبے یا مقصد کی خاطر ہو، قبول نہیں لہٰذا عالمی امن کے لیے خطرہ بننے والی کارروائیاں روکنے کے لیے تمام رکن ممالک کردار ادا کریں۔

خیال رہے کہ 14 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کے علاقے میں بس سے ایک گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں دھماکہ ہوا تھا۔

نتیجے میں چینی انجینیئروں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ چینی انجینئیرز اور دیگر عملہ دو بسوں میں معمول کے مطابق صبح کی شفٹ میں داسو ہائڈرو پاور پراجیکٹ پر اپنے کام پر جا رہا تھا۔

ابتدا میں پاکستانی حکام نے اسے گیس لیکج کے باعث پیش آنے والا حادثہ قرار دیا تاہم بعد میں کہا گیا کہ اس میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

چینی کمپنی غضوبہ نے پاکستانی عملے جس کی تعداد دو ہزار سے زیادہ بتائی جاتی ہے کو کام سے فارغ کر دیا تھا لیکن ایک روز بعد نوٹس واپس لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں