لاہور: محرم میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) محرم الحرام کے موقع پر پنجاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر لاہور کے نواحی علاقے فیروزوالہ میں آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کی فورس پر فائرنگ کردی، اور جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مارنے جانے والے دہشت گردوں میں احسان اللہ، نعمت اللہ اور عبدالسلام شامل ہیں، تینوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور لاہور کے نواحی علاقے فیروز والا میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، 3 ہینڈ گرینیڈ، 2 کلاشنکوف، ڈیٹو نیٹر اور دیگر بارودی برآمد ہوئے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گرد پولیس، آرمی، شیعہ کمیونٹی اور سرکاری عمارتوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جب کہ دہشت گردوں نے اہم شخصیات بالخصوص شیعہ علماء کو ٹارگٹ کرنا تھا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں