شہدائے کربلاؑ کی یاد: پاکستان بھر میں 9 محرم کے جلوس برآمد، سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی (ڈیلی اردو) حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں نویں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی سمیت کئی شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس بھی بند ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہدائے کربلا علیہ اسلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عزادار نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، شہر بھر سے چھوٹے چھوٹے جلوس، مرکزی جلوس میں شامل ہونے کے لیے صبح سے ہی نکل گئے تھے۔

کراچی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ڈی آئی جی مقصود احمد نے بتایا کہ سیکیورٹی ڈویژن کے 700 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر عینات ہیں جبکہ 500 ایس ایس یو کمانڈوز بشمول خواتین کمانڈوز بھی موجود ہیں۔

ماتمی جلوسوں، مجالس کے دوران اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، 190 ایس ایس یو کمانڈوز مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں اور ماہر نشانہ بازوں کو بلند و بالا عمارتوں پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول بس کے ذریعے نگرانی جاری ہے۔

دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں 9 ویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوا، جلوس مقررہ راستوں سے ہو کر امام بارگاہ اثنا عشری پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوس کے روٹ کی طرف آنے والی گلیوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس عزاخانہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہو چکا ہے۔ عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں۔ جلوس عالمگیر روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات جائے گا، جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی جس کے بعد جلوس جین مندر سے ہوتا ہوا واپس پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

لاہور کے علاقے شادمان میں بھی 9 محرم کا جلوس نکالا گیا ہے، جو امام بارگاہ قصر بتول سے برآمد ہو کر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوسوں کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ہزاروں پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لیے پانی اور مشروبات کی سبیلیں لگائی گئیں ہیں اور سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت نے لاہور کے تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کردیے ہیں اور تمام مجالس اور جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔

نویں محرم الحرام کی مناسبت سے نکلسن روڈ لاہور پر امام بارگاہ عطیہ اہلبیتؑ میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجلس عزا منعقد کی گئی، مجلس عزاء کے اختتام پر شبیہہ ذوالجناح اور شبیہہ علم عباسؑ کا جلوس برآمد ہوا۔ ہزاروں عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کی۔

مجلس عزاء سے علامہ سید ابصار علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے مصائب اہلبیتؑ بیان کیے ،واقعہ کربلا کی اہمیت اور اہلبیتؑ کی قربانیوں کا مقصد بیان کیا۔ مجلس عزاء کے اختتام پر شبیہ ذوالجناح اور شبیہہ علم عباسؑ کا جلوس برآمد کیا گیا جو اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ عطیہ اہل بیتؑ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

کوئٹہ میں شہر کے مختلف امام بارگاہوں سے شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے ہیں۔ اس دوران شرکا سینہ کوبی کریں گے جب کہ مجلس عزا منعقد کی جائے گی۔

صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں 9 محرم کے جلوس کے لیے سیکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے اور جلوس کے راستوں پر پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دئیے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں سیکیورٹی کے پیش نظر پورے شہر میں موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

ملک بھر محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

کراچی سمیت کئی شہروں میں صبح سے ہی موبائل فون سروس معطل رہی جب کہ یوم عاشور کو بھی موبائل فون سروس معطل رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں