مصر: امام مسجد کو 10 سالہ بچی سے زیادتی کے جرم میں عمر قید کی سزا

قاہرہ (ڈیلی اردو) مصر میں عدالت نے بچی سے زیادتی کرنے والے امام مسجد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جسے سنتے ہی ملزم کمرہ عدالت میں بے ہوش ہوگیا۔

عرب میڈیا کے مطابق مصر کے شہر المنصورہ میں عدالت نے مسجد کے پیش امام سلیمان فائد کو 10 سالہ بچی کو دینی تعلیم دینے کے دوران زیادتی کا نشانہ بنانے پر عمر قید کی سزا اور 15 ہزار مصری پاؤنڈ بطور زر تلافی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

ملزم سلیمان فائد سزا سنتے ہی کمرہ عدالت میں بے ہوش ہو کر زمین پر گیا۔ پولیس نے ملزم کو جیل منتقل کردیا ہے۔ قبل ازیں ملزم نے سماعت کے دوران جرم سے انکار کیا تھا تاہم طبی جانچ پڑتال میں جرم ثابت ہوگیا۔

بچی کی 39 سالہ ماں نے امام مسجد کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ میرے شوہر کا انتقال ہوگیا ہے میں نے امام مسجد پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی 10 سالہ بچی قرآن حفظ کرنے بھیجی تھی۔

ماں نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ سلیمان فائد نے میری 10 سالہ بیٹی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا جس کے بعد میری بیٹی خوف زدہ رہنے لگی تھی اور امام مسجد کے گھر جانے سے انکار کر دیا تھا۔

39 سالہ ماں کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ میرے اصرار پر بچی نے تفصیلات بتائیں تو میرے پیروں تلے زمین نکل گئی تھی۔ خاتون کے بیان پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں