سری لنکن شہری کو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے، وزیر اعظم پاکستان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ سری لنکن منیجر کو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔

مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی، مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔

واقعے کے بعد 50 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فیکٹری منیجر پرانتھا کمارا کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں پرانتھا کمارا کا قتل قابل مزمت اور شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے سول انتظامیہ کو مدد فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں