پاکستان بحریہ کا زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل سے فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

کراچی (ڈیلی اردو) پاک بحریہ نے ایک تقریب میں زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل سے فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ایک یونٹ نے کراچی میں منعقدہ تقریب میں مقابلے کی تیاری اور جنگی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے گراؤنڈ بیس ایئر ڈیفنس (جی بی اے ڈی) کے ذریعے زمین سے فضا میں ہدف کو مارنے والے میزائل (ایس اے ایم) سے لائیو فائرنگ کی۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران پاکستان نیوی کے سربراہ کو سیکیورٹی کے لیے زمین سے فضا میں ہدف کو مار گرانے والے (ایس اے ایم) کی شمولیت کے ذریعے دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے کی جانے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمانڈ افسران اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا۔

بعد ازاں انہوں نے سیل بٹالین ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) نے مختلف انداز سے فائر پاور کا مظاہرہ کیا۔

اس سے قبل امیر البحریہ نے کریک کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے آپریشن کی تیاری کے حوالے سے تعینات دستوں کا جائزہ لیا تھا۔

انہیں کریک کے علاقے میں دفاعی مقابلے کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس دوران سربراہ بحریہ نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور پاکستان کی بحری سرحدوں پر حفاظت کے حوالے سے بہترین کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

نیول چیف نے ایک یقین دلایا کہ پاک بحریہ ملک مخالف اور مذموم سرگرمیوں کا بھر پور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں