سری لنکن شہری کا قتل کیس: 85 ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

گوجرانوالہ (ڈیلی اردو) سری لنکن شہری کے قتل کیس میں گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 85 ملزموں کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث 85 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج نتائشہ نسیم سپرا نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے 85 ملزموں کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 17 جنوری کو دبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

سانحہ سیالکوٹ میں ملوث 150 سے زائد ملزمان کو پولیس ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا تھا۔ 70 سے زائد افراد کو عدم ثبوت پر رہا کردیا گیا تھا۔

پولیس نے 29 دن بعد ملزمان کا انٹیرم چلان عدالت میں پیش کردیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج نتائشہ نسیم سپرا نے کیس کی تفتیش جلد مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔ فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے اور پھر آگ لگا دی۔

اس سے قبل سیالکوٹ ہی میں 2010 میں کھیل کے دوران معمولی تنازع پر مشتعل ہجوم نے دو نو عمر بھائیوں کو ڈنڈے مار کر ہلاک کر دیا تھا اور بعد میں دونوں بھائیوں کی لاشوں کو شہر میں گھمایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں