نائجیریا میں مسلح گروہ کے حملے میں 140 افراد ہلاک

ابوجا (ڈیلی اردو) نائجیریا کی ریاست زمفرا میں مسلح گروہ کے حملے میں 140 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نائجیریا کی شمال مغربی ریاست زمفرا میں مسلح گروہ نے کئی دیہات پر حملہ کرکے 140 افراد کو ہلاک کردیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 300 کے قریب مسلح افراد موٹر سائیکلوں میں سوار ہوکر ایک ساتھ 8 دیہات میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کردی۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں مسلح جتھوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں لیکن حملہ آوروں کی تعداد کہیں زیادہ تھی۔

مسلح افراد نے ناصرف کئی افراد کو قتل کیا بلکہ درجنوں مکانات اور دکانوں کو لوٹ کر جلا بھی ڈالا۔

ریاست زمفرا میں کئی کئی ماہ سے مواصلاتی نظام بند ہے، اس لئے علاقے سے کوئی بھی خبر یا معلومات کے حصول میں کئی کئی روز لگ جاتے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مواصلاتی نظام کو مسلح افراد کے گروپوں کے درمیان رابطہ کاری توڑنے کے لیے بند کیا گیا ہے۔

ریاست زمفرا کے گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ مسلح گروہ کی فوج سے بھی جھڑپ ہوئی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

واضح رہے کہ زمفرا میں گزشتہ 2 برشوں سے امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے۔ سرکاری فوج اور مقامی سول ادارے ان واقعات کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم ماضی میں ایسے حملے اکثر بوکو حرام یا داعش کی جانب سے ہوئے ہیں۔ یہ گروپ شمال مشرقی نائیجیریا مییں متحرک ہیں جہاں ان دہشت گردوں نے کم ازکم 37000 ہزار سے زائد افراد کو ہلاک کیا ہے۔ جس کی وجہ سے 2009 سے اب تک لگ بھگ 20 لاکھ افراد اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

یہ تشدد پڑوسی ممالک نائجر، چاڈ اور کیمرون میں بھی پھیل گیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے اب عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقائی فوجی اتحاد کے قیام کا عندیہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں