بلوچستان: کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، داعش خراساں کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش خراساں کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے کوئٹہ میں داعش کے دہشت گردوں کی اطلاع پر مشرقی بائی پاس کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

سی ٹی ڈی نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد کالعدم داعش سے وابستہ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ہلاک دہشت گردوں میں داعش کا مقامی کمانڈر اصغر بھی شامل ہے، مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

سی ٹی ڈی کا دعویٰ ہے کہا اصغر نامی اس ملزم کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد ایک مکان میں موجود تھے، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر بم حملوں میں ملوث تھے جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 5 دہشت گرد فرار ہوگئے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر شاہ زیب اور دانیال کو بھی ہلاک کیا تھا، یہ آپریشن صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع ٹانک کے علاقے میں کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں