دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی عالمی فہرست جاری، پاکستان آخری نمبروں پر

نیو یارک (ویب ڈیسک) دنیا کے کس ملک کا پاسپورٹ کتنا طاقت وَر ہے؟ کہاں کے شہری کتنے ممالک میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں اور پاسپورٹ کی رینکنگ میں پاکستان کس نمبر پر ہے؟ ان تمام تفصیلات پر مشتمل نئی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے۔

پاسپورٹ کی یہ رینکنگ لندن کی ایک فرم ‘ہینلی اینڈ پارٹنرز’ کی جانب سے ہر سال جاری کی جاتی ہے۔ یہ فرم ایئر لائنز کی عالمی تنظیم ‘انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن‘ (آئی اے ٹی اے) سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار پر انحصار کرتی ہے۔

‘ہینری پاسپورٹ انڈیکس 2022’ میں جاپان اور سنگاپور کے پاسپورٹس ‘نمبر ون’ ہیں جنہیں سب سے طاقت ور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کا پاسپورٹس رکھنے والے شہری 192 ملکوں یا علاقوں میں پیشگی ویزا لیے بغیر جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہینری پاسپورٹ انڈیکس میں رینکنگ کی بنیاد ویزا فری انٹری پر ہوتی ہے۔

یعنی جس ملک کے پاسپورٹ پر جتنے زیادہ ممالک یا علاقوں میں بغیر ویزا داخلے، ویزا آن اَرائیول، وزیٹرز پرمٹ یا الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی کی سہولت میسر ہو، وہ پہلے نمبر پر آتا ہے۔

نئے سال کی نئی فہرست میں ابتدائی نمبروں پر آنے والے زیادہ تر پاسپورٹس یورپی ملکوں کے ہیں۔

جرمنی، اٹلی، اسپین، آسٹریا، ڈنمارک اور فرانس کے پاسپورٹ ابتدائی پانچ پوزیشنز پر ہیں اور رینکنگ میں امریکہ سے بھی آگے ہیں۔

امریکہ، سوئٹزرلینڈ، نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے پاسپورٹ چھٹے نمبر پر ہیں جن پر 186 ملکوں یا علاقوں میں پیشگی ویزا لیے بغیر داخلے کی سہولت موجود ہے۔

اس کے علاوہ ملائیشیا کا پاسپورٹ 12 ویں، متحدہ عرب امارات کا 15 ویں، اسرائیل کا 24 ویں اور سعودی عرب کا 65 ویں نمبر پر ہے۔

ترکی کا پاسپورٹ کی رینکنگ میں 50 واں نمبر ہے جب کہ چین 64 ویں نمبر پر ہے۔

اس فہرست میں تقریباً تمام ہی ملک پاکستان سے آگے ہیں۔ بھارت کا پاسپورٹ رینکنگ میں 83 واں اور بنگلہ دیش 103 نمبر پر ہے۔ لیکن اس سے باوجود بھی یہ دونوں ملک پاکستان سے آگے ہیں۔

پاکستان اس فہرست میں نیچے سے چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کو 111 میں سے 108 ویں رینکنگ ملی ہے۔ پاکستان کے پاسپورٹ پر صرف 31 ملکوں میں پیشگی ویزا لیے بغیر داخلے کی سہولت موجود ہے۔

گزشتہ سال پاکستان 116 درجوں میں سے 113 ویں نمبر پر تھا۔ یعنی گزشتہ سال بھی پاکستان اس فہرست میں نیچے سے چوتھے نمبر پر تھا۔

خیال رہے کہ ہینری پاسپورٹ انڈیکس میں 199 پاسپورٹس کو 227 ملکوں یا علاقوں میں ویزا فری انٹری کی بنیاد پر پرکھا جاتا ہے۔

پاکستان سے کم رینکنگ پر صرف جنگ زدہ تین ممالک شام، عراق اور افغانستان ہیں۔

اس انڈیکس میں افغانستان کے پاسپورٹ کو دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے اور وہ فہرست میں سب سے کم طاقت ور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں