افغانستان میں ایرانی قونصل خانوں پر حملے

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں ایرانی قونصل خانوں پر شہریوں کے حملے پر تہران نے افغان وفد کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

افغان میڈیا کے مطابق ایران میں افغان مہاجرین کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر افغانستان میں مظاہرے جاری ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں طالبان حکومت کے ناظم الامور کو طلب کیا اور افغانستان میں ایران مخالف مظاہروں پر سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔

حکام نے طالبان عہدیدار کو مطلع کیا کہ افغان شہریوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد ایرانی قونصل خانے بند رہیں گے اور تمام کارروائیاں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک طالبان سفارتکاروں کی سیکورٹی کو یقینی نہ بنائیں اور حملہ آوروں کیخلاف شدید ایکشن نہ لیں۔

واضح رہے کہ ایران کا یہ اقدام افغان شہر ہیرات میں ایرانی قونصل خانے پر شہریوں کے پتھراؤ کرنے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جبکہ کابل میں ایرانی سفارت خانے کے دروازے کو بھی نذرِ آتش کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں