بنوں سے تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب دہشت گرد ”نواز شریف“ گرفتار

پشاور (بیورو رپورٹ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم اور انتہائی مطوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب دہشت گرد، بھتہ خور اور اشتہاری نواز شریف کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔

سی ٹی ڈی بنوں ریجن کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بدنام زمانہ بھتہ خور اور سکیورٹی فورسز پر بم دھماکوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد نواز شریف سکنہ شیراتلہ مدی خیل علاقہ تھانہ میرعلی کے حدود میں بمقام نزد میرعلی بازار میں دہشت گردی کی غرض سے آیا ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف گل بہادر شوریٰ کے لوکل کمانڈر مولا محلص گروپ کیلئے کام کرتا تھا، دہشت گرد شمالی وزیرستان میں فورسز پر حملے میں بھی ملوث ہے، صوبائی حکومت نے دہشت گرد کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد سی ٹی ڈی بنوں کو بھی مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں