محرم الحرام: گلگت بلتستان میں 22 مقامات انتہائی حساس قرار

گلگت بلتستان (ڈیلی اردو) انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان محمد سعید وزیر کی سربراہی میں پولیسں ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں تینوں ریجنزکے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

ڈی آئی جیز نے اپنے رینجز میں محرم الحرم کے دوران سکیورٹی کیلئے کئے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی بلتستان رینج حنیف اللہ خان نے سکردو، گانچھے، شگر اور کھرمنگ میں یکم محرم سے یوم عاشورہ تک مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلتستان میں 1154 مقامات پر مجالس ہوں گی جن کی سکیورٹی کے لئے 1082 نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ یوم عاشورہ کے جلوسوں کیلئے 2754 اہلکار تعنیات رہیں گے۔ پاک آرمی کے جوان مدد کیلئے تیار رہیں گے، گلگت بلتستان سکاوٹس کے جوان بھی محرم الحرام کے دوران خدمات سرانجام دیں گے۔ بلتستان میں 8 مقامات کو انتہائی حساس جبکہ 74 مقامات کو حساس قرار دیکر اسی تناظر میں حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی گلگت رینچ فرمان علی نے گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر کے اضلاع میں محرم الحرام کے ایام میں تمام مجالس اور نکالے جانے والے جلوسوں کے لیے کی جانے والی سکیورٹی کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت رینج میں ٹوٹل 287 مقامات پر محرم الحرام کے مجالس کا انعقاد کیا جائے گا جن میں سے 82 مجالس کو حساس اور 14 مجالس کے مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ گلگت رینج میں ہونے والے 287 مجالس کے لیے 737 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یوم عاشورہ کو نکالے جانے والے جلوسوں کیلئے گلگت بلتستان پولیس کے ٹوٹل 3082 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ان کے علاوہ پاک آرمی کے جوان بھی stand by رہینگے، پاک رینجرز, GB سکاوٹس اور FC کے جوان بھی ان دنوں میں سکیورٹی کے امور انجام دینگے۔

استور رینج میں کئے جانے والے انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی سلطان فیصل نے کہا کہ استور کو سکیورٹی کے حوالے سے 4 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے استور میں 39 مقامات پر مجالس منعقد کئے جائیں گے جن میں سے 1 مقام کو انتہائی حساس اور 34 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ مجالس کی سکیورٹی کے لیے 70 پولیس اہلکاروں کو تعنیات کیا گیا ہے۔ جبکہ عاشورہ کے دن 194 پولیس اہلکار سکیورٹی کے لیے معمور ہونگے۔ پاک آرمی کے جوان کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے۔

اجلاس میں ڈی آئی جی فرمان علی، ڈی آئی جی حنیف اللہ خان ڈی آئی جی کرائمز سلطان فیصل, ایس ایس پی تنویر الحسن، ایس ایس پی اسحاق حسین، ایس ایس پی مرزہ حسن, اے آئی جی جہانگیر حسین, اے آئی جی سی ٹی ڈی حفیظ الرحمان, ایس ایس پی طاہرہ یعسوب، کمانڈنٹ ریزرو حسن علی، ایس ایس پی گلگت شہباز الٰہی, ایس پی شیر خان ، ایس ایس پی عبد الروف, اے آئی جی محمد جمیل ، اے آئی جی عبداللہ خان، ایس پی محمد ایاز اور دیگر پولیس آفیسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں