وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس، شرپسندوں کی گرفتاریوں کا فیصلہ

گلگت بلتستان (ڈیلی اردو) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کمانڈر ایف سی این اے، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، ہوم سیکرٹری، ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے گلگت شہر میں علم کشائی کے دوران فائرنگ کے افسوس ناک واقعے میں ہلاک ہونے ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

اجلاس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ چوک یادگار کے قریب دو مذہبی گروہ کے درمیان جھگڑا اور فائرنگ شیعہ سنی تصادم کی شکل اختیار کر گیا جس کے نتیجے میں دو شیعہ نوجوان ہلاک اور 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شرپسندوں کو فوری طور پر پکڑا جائے گا اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ،اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ شرپسندوں کو اس واقعے کو فرقہ وارانہ بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جی بی کے امن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں جی بی کے شہریوں سے درخواست کی گئی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر اعتبار نہ کریں اور جعلی خبروں پر بھروسہ نہ کریں۔

سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور جی بی کے شہریوں کو پرامن رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت میں آج تمام بازار بند رہیں گے۔گلگت بلتستان کے دیگر حصوں میں حکومتی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ محرم الحرام کے اس مقدس مہینے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی کو روکیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت میں فائرنگ کے واقعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شرپسندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کی، وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے ایک پیغام میں کہاکہ مٹھی بھر عناصر شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حکومت ان شر پسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے عوام سے اپیل کی ہے وہ پرامن رہیں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ امن و امان کے قیام کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

خالد خورشید نے کہا کہ جو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور منافرت پھلانے سے اجتناب کیا جائے۔ ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ حکومت سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان کا پر امن ماحول ہی یہاں کی تعمیر ترقی کا اصل ضامن ہے ہم گلگت بلتستان کے امن کو کسی صورت خراب ہونے نہیں دینگے اس حوالے سے ہمیں جتنے سخت فیصلے کرنے ہونگے وہ ہم فوری کر یں گے، علماء سمیت ہم سب کا فرض ہے کہ امن کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں