شمالی وزیرستان میں فورسز کا پاک افغان سرحد کے قریب آپریشن، داعش کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب غلام خان میں دہشتگردوں کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے داعش کمانڈر سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی افغانستان بار ڈرپار کرنے کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ٹیم کا سامنا ہونے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں داعش کا مقامی کمانڈر محمد داؤد شامل ہیں جبکہ 2 ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ اور محمد لائق کے نام سے ہوئی تاہم ایک ہلاک دہشت گرد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے 2 عدد ہینڈ گرنیڈ، 2 عدد کلاشنکوف، 6 میگزینز اور 2 عدد پستول برآمد کیے گئے جبکہ درجنوں کارتوس، شناختی کارڈز سمیت پاکستانی کرنسی دیگر سامان برآمد ہوا۔

ہلاک ہونے والے داعش خراسان کے دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔ جبکہ داعش کے دیگر دہشت گرد بارڑر کراس کرکے فرار ہوگئے۔

علاوہ ازیں سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں