پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں جمعہ کو اچانک اضافہ کر دیا گی اور پارلیمنٹ ہاؤس آنے والوں کی سخت چیکنگ کی گئی جبکہ معمول کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس آنے والوں کے بھی قومی شناختی کارڈ چیک کر کے داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

ریڈ زون میں شاہراہ دستور پر واقع پارلیمنٹ ہاؤس اور گرد و نواح میں سیکیورٹی کے گشت اور نفری میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے داخلی دروازے پر پارلیمنٹ ہاؤس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سیکیورٹی اسٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ملازمین کے علاوہ کسی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی جبکہ ملازمین کے بھی شناختی کارڈز چیک کئے جا رہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس آنے والے میڈیا کے نمائندوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔

اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر اکبر نثار خان نے بدھ کے روز کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کی دھمکی دی تھی۔

آئی جی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ مشتبہ افراد کا مقصد دہشت پھیلانا معلوم ہوتا ہے کیونکہ حملے کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

یاد رہے کہ ایک شخص نے مارگلہ ہلز سے پارلیمنٹ ہاؤس کی ویڈیو بنائی اور دہشت گردی کی دھمکی دیتے ہوئے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا، ذرائع نے منگل کو ڈیلی اردو کو بتایا تھا کہ اس سلسلے میں گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں