امریکی ریاست کیلی فورنیا میں چین کے سال نو کے جشن میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے/اے پی) امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہفتے کو فائرنگ کے واقعے میں دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’کے مطابق فائرنگ کے وقت لوگ چین کے نئے قمری سال کے آغاز پر جشن میں شریک تھے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف ڈپارٹمنٹ سے منسلک باب بائسے کا اتوار کو کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مونٹری پارک میں پیش آیا جب کہ ان کے بقول فائرنگ کرنے والا مرد تھا۔

رپورٹس کے مطابق اطلاع ملنے پر درجنوں پولیس اہل کار اس علاقے میں پہنچ گئے تھے۔

مونٹری پارک میں ہونے والی فائرنگ سے متعلق حکام نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی۔

ساٹھ ہزار آبادی کے اس علاقے کی اکثریت ایشیائی نژاد ہے جو کہ لاس اینجلس شہر کے ڈاؤن ٹاؤن سے لگ بھگ 16 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس سے قبل دن میں ہزاروں افراد نے اس سالانہ فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔

واقع کے عینی شاہد سیونگ وان نے لاس اینجلس ٹائمز کو بتایا کہ تین لوگ ان کی دکان میں گھس آئے اور دکان بند کرنے کا کہا۔

لوگوں نے سیونگ کو بتایا کہ ایک فائرنگ کرنے والا شخص مشین گن کے ساتھ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ واقع ڈانس کلب میں پیش آیا۔

اخبار کے مطابق فائرنگ کا واقع رات دس بجے کے بعد پیش آیا۔

خیال رہے کہ جنوبی کیلی فورنیا میں دو دن تک جاری رہنے والے فیسٹیول کا آغاز ہفتے کو ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں