پنجاب سے القائدہ اور تحریک طالبان پاکستان کے 9 دہشت گرد گرفتار

لاہور (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کارروائی کرتے ہوئے لاہور ، راولپنڈی اور سرگودھا سے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خفیہ آپریشن کے دوران لاہور سمیت تین شہروں سے 12 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔

حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی 61 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران کی گئی، لاہور سے 3 دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم القائدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا۔

حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک حساس اضلاع میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

حکام نے کہا کہ رواں ہفتے 797 کومبنگ و سرچ آپریشن کیے گئے، آپریشنز کے دوران 159 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں