جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور 2 فوجی زخمی ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے زنگاڑہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں مارٹر بھی استعمال کیے گئے، آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاک فوج کے 2 جوان زخمی ہوئے جبکہ بدقسمتی سے فائرنگ کی زد میں آکر 2 بچے بھی ہلاک ہوگئے۔

جبکہ مقامی افراد کو دعویٰ ہے کہ مبینہ دھماکہ ایک ڈرون حملہ تھا، تاہم انتظامیہ نے اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1636041416475398144?t=OVQ_6OmMUMoTaB2XOV5-tw&s=19

شام چھ بجے کے قریب ہونے والے اس مبینہ ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی شناخت شاہد اللہ اور الہام کے نام سے ہوئی ہے۔ جن کی عمریں بالترتیب 4 اور 5 سال ہیں۔

دونوں کو شدید زخمی حالت میں سراروغہ ہسپتال منتقل کیا گیا ، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ چکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک نہیں دو ڈرون حملے تھے، دوسرا ڈرون حملہ مکین بازار کے قریب کیا گیا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ڈرونز تاحال ہوا میں محو پرواز ہیں، اور ان کی آوازیں سنی جاسکتی ہیں۔

مقامی زبان میں ان ڈرونز کو بنگانہ کہتے ہیں، جس کا مطلب ہے وہ چیز جو ”بنگ بنگ“ کی آواز کرے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ ان آوازوں کو بہت اچھی طرح پہچانتے ہیں، کیونکہ امریکی ڈرون حملوں کے دور میں وہ ان آوازوں کی وجہ سے سو بھی نہیں پاتے تھے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی فضاؤں میں ان ڈرونز کو دن کی روشنی میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں کا سلسلہ 18 جون 2004 سے شروع ہوا تھا، جبکہ آخری ڈرون حملہ تقریباً چار سال قبل جولائی 2018 میں کیا گیا تھا۔

اس دوران جہاں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے یکے بعد دیگرے دو سربراہان بیت اللہ محسود اور حکیم اللہ محسود سمیت کئی بڑے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا، وہیں ہزاروں کی تعداد میں شہری بھی لقمہ اجل بنے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں