بلوچستان: ژوب میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما سمیت 7 افراد ہلاک

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

اسٹنٹ کمشنر ضلع ژوب حافظ محمد طارق کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ژوب کے علاقے مرغا کبزئی میں غورلم روڈ پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے قبائلی رہنما احمد کبزئی کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

فائرنگ کی زد میں آکر قبائلی رہنما احمد کبزئی اور ان کے دو بھائیوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ جل کر خاکستر ہو گئی۔

لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈ کوارٹر منتقل کیا جہاں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت عمل میں لانے کے بعد اسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

ژوب لیویز نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں ایک عرصے سے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ قبائلی عمائدین اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع بولان میں رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے بیٹے سردار خان رند کے قافلے پر دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں دو سیکیورٹی گارڈز ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

6 مارچ کو بلوچستان کے ضلع بولان میں کنبڑی پُل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے نزدیک خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شہری سمیت 9 پولیس اہلکار ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں