لکی مروت میں ٹی ٹی پی کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک، 6 اہلکار زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں نے ڈی ایس پی کی اے پی سی گاڑی پر حملہ کیا جس میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1641197295357284353?t=Hjdn9fUXL7TwvCRHCoWCjw&s=19

خیبرپختونخواہ پولیس کے مطابق تھانہ صدر پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی لکی مع پولیس نفری کے تھانہ صدر کی طرف روانہ ہوئے تو راستے میں پیروالا موڑ کے قریب IED بلاسٹ ہوا جس سے ڈی ایس پی اقبال مومند اور کانسٹیبلان وقار, علی مرجان اور کرامت اللہ ہلاک ہوگئے۔

دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے صحافیوں کو بتایا کہ دہشت گردوں نے آج علی الصبح صدر پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

تھانے پر حملے میں 6 دیگر پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل فاروق شاہ، کانسٹیبل امانت اللہ، اصغر، سردار علی اور عارف شامل ہیں۔

پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’دہشت گردوں نے جدید اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم پولیس چوکس تھی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آوروں کو فرار ہونا پڑا‘۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کہا کہ ’ڈی ایس پی لکی مروت اقبال مہمند کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی تھانے جا رہی تھی کہ پیر والا موڑ کے قریب سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال اور تین پولیس اہلکار موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔‘

دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ڈی ایس پی لکی اقبال مہمند ، کانسٹیبل وقار، کانسٹیبل علی مرجان اور کانسٹیبل کرامت اللہ کے نام سے ہوئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے کہا کہ مجاہدین نے پولیس ٹیم پر حملہ کیا گیا جو تھانے کی جانب جا رہی تھی۔

لکی مروت ایک برس سے زائد عرصے سے دہشت گردوں کے نشانے پر ہے اور اس سے قبل بھی پولیس کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹکواڑہ پولیس چیک پوسٹ پردہشتگردوں نے راکٹ لانچر سے حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد زخمی اور دیگر فرار ہوگئے۔

دوسری جانب لکی مروت میں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

لکی مروت میں رات گئے پولیس اسٹیش پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کی گئی۔

اہلکاروں کو پولیس کی چاک و چوبند داستے نے سلامی دی، نماز جنازہ میں میں ڈی پی او لکی مروت اور بنوں پاک فوج اور سول افسران نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ رات گئے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا تھا جس کی مدد کے لئے جانے والی ڈی ایس پی لکی مروت کی اے پی سی گاڑی آئی ای ڈی کی دھماکہ سے اڑا دیا گیا تھا، جس سے ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ حملے میں 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں