شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش دھماکا، راہگیر سمیت 4 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں ایک راہگیر اور پولیس اہلکار سمیت چار اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ بدھ کو صدر مقام میرانشاہ سے کوئی 30 کلومیٹر دور تحصیل دتہ خیل کے مقام پر خودکُش حملہ آور نے ایک گاڑی کو اس وقت سکیورٹی فورس کے چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا جب وہاں پر کئی اہلکار موجود تھے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ حملے میں ایک راہگیر اور پولیس اہلکار سمیت دو فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ دھماکے سے چیک پوسٹ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریش شروع کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فوج کے نائک سعید، سپاہی جاوید، پولیس اہلکار حکیم جان اور نامعلوم سویلین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں فوج کا حوالدار منظور اور پولیس اہلکار شاکر شامل ہیں۔

اس واقعہ کی ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں