خیبر میں ایف سی کی پیٹرولنگ ٹیم پر حملہ، 5 اہلکار زخمی

باڑہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے سپاہ میں سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق باڑہ کے نواحی سپاہ کے علاقہ دواجنگی میں ایف سی کے جوان معمول کے پیٹرولنگ گشت پر تھے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 163 ونگ کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔

سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں لانس نائیک امتیاز، لانس نائیک سہیل، سپاہی سہیل، عمران اور وقاص شامل ہیں۔

ادھرکالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے ایک روز قبل قبائلی ضلع خیبر کے علاقے جمرود شاہ کس پولیس لائن میں بھی ہینڈ گرنیڈ کا دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 افسران زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جمرود شاہ کس پولیس لائن میں پولیس اہلکار سے ہینڈ گرنیڈ غلطی سے بلاسٹ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کانسٹیبل شاہ محمود، کانسٹیبل نور اسلام ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ڈی ایس پی ہیڈکواٹر نواز خان اور اے ایس آئی برکت زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں