اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے اسلامی جہاد تحریک کا اہم رکن ہلاک

غزہ (ڈیلی اردو)مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے تلکرم پناہ گزین کیمپ میں چھاپا مار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے اسلامی جہاد تحریک کے مسلح عسکری ونگ کے رکن کو ہلاک اور 8 کو زخمی کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت 23 سالہ محمود جراد کے نام سے ہوئی ہے جس کے سینے میں گولی ماری گئی تھی۔ رواں ہفتے ہلاک ہونے والا یہ ساتواں فلسطینی نوجوان ہے۔

ہلاک ہونے والے نوجوان کا تعلق تلکرم بریگیڈ سے تھا جو فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے مسلح عسکری ونگ سے وابستہ ہے تاہم نوجوان مسلح سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھا۔

اسلامی جہاد تحریک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تلکرم کیمپ میں اسرائیلی فوج کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔

اسرائیلی فوج کے خلاف فلسطینی سراپا احتجاج بن گئے جنھیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے چھتوں پر اسنائپر بھی تعینات کیے تھے۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اب تک کم از کم 196 فلسطینیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے تاہم فلسطینی ذرائع کے مطابق یہ تعداد 220 سے بھی زیادہ ہے جبکہ 24 اسرائیلی بھی مارے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں