عمران خان کی قیادت میں 1992 کا تاریخی ورلڈ کپ جیتے 27 برس ہوگئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کو عمران خان کی قیادت میں 1992کا تاریخی ورلڈ کپ جیتے 27برس ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہینوں نے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کو 22رنز سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، فائنل میچ میں وسیم اکرم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا

فائنل میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249رنز بنائے اوپنر عامر سہیل اور رمیز راجہ بالتریب 4اور 8رنز بنا کر آوٹ ہوگئے تو کپتان عمران خان نے جاوید میانداد کے ساتھ مل کر مجموعی سکور میں اضافہ کیا۔

کپتان عمران خان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے، جاوید میانداد بھی 58رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔انضمام الحق طبیعت نازسازی کے باوجود کپتان کے کہنے پر میدان میں اترے اور 35 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 42رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، وسیم اکرم نے بھی 18گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 33رنز بنائے۔

انگلینڈ کی ٹیم 250رنز کے تعاقب میں 227 رنز پر ڈھیر ہوگئی، انگلینڈ کی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ہدف کا تعاقب جاری رکھا تاہم وسیم اکرم نے ایلن لیمب اور اگلی ہی گیند پر کرس لیوز کو پویلین کی راہ دکھا کر انگلش بلے بازی کی کمر توڑ دی۔دو اہم بلے بازوں کے آوٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 49.2اوورز میں 227بنا کر آوٹ ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں