بنوں میں پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس افسر سمیت 2 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

بنوں (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس افسر سمیت 2 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پولیو ٹیم میریان کے علاقے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلارہی تھی، ٹیم کی سکیورٹی کے لیے 2 پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر تھے، ٹیم جیسے ہی ٹیری رام کے قریب پہنچی تو 2 دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ڈیوٹی پر مامور دونوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

دونوں زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں دوران علاج چل بسے۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) فیاض الدین خان اور کانسٹیبل سکندر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا جو قریبی علاقے میں روپوش ہوگیا جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا، زخمی حملہ آور ایک گھر میں چھپا ہوا تھا۔

تقریباً ساڑھے 6 گھنٹےکے آپریشن کے بعد گھر میں چھپے ہوئے دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیس ٹرک کے قریب دھماکے سے 7 اہلکار ہلاک اور 30 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس اہلکار انسداد پولیو مہم ٹیم کی سکیورٹی کے لیے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں