خیبرپختونخوا میں دہنی مدارس کی تعداد تقریباً ساڑھے 6 ہزار، ڈیڑھ ہزار سے زیادہ غیر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ خیبرپختونخوا میں دینی مدارس کے غیر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس حوالے سے جاری دستاویز میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں ڈیڑھ ہزار سے زیادہ دینی مدارس غیر رجسٹرڈ ہیں۔

دستاویز کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ 602 مدارس مردان میں ہیں جن میں 181 غیر رجسٹرڈ ہیں، 283 دینی مدرسوں کا کسی بھی مدارس بورڈ کے ساتھ الحاق نہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ صوبے میں دینی مدارس کی مجموعی تعداد 6 ہزار 482 مدارس ہیں جن میں سے 5 ہزار 362 مدرسوں کا وفاق المدارس العربیہ کے ساتھ الحاق ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے مدارس میں 7 لاکھ 2 ہزار مقامی اور 6 ہزار 596 غیر ملکی طلبہ زیر تعلیم ہیں، مدارس میں غیر ملکی اساتذہ کی تعداد 322 ہے جبکہ 32 ہزار 842 مقامی اساتذہ بھی مدارس میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان میں انتہا پسندی کو ہوا دینے کے تناظر میں دینی مدارس پر عرصے سے سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں اور ان کو قواعد و ضوابط میں لانے کے لیے کی جانے والی متعدد حکومتی کوششیں بھی موثر ثابت نہیں ہو سکی تھیں۔

لیکن دسمبر 2014ء میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے مہلک حملے کے بعد ملک سے انسداد دہشت گردی و انتہا پسندی کے لیے ایک قومی لائحہ عمل وضع کیا گیا جس میں مختلف مسالک کے مدارس کی تنظیموں سے مل کر ان کے اندراج اور اصلاحات پر بھی کام شروع کیا گیا۔

ملک میں 190 مدارس ایسے ہیں جنہیں دیگر ممالک سے مالی امداد ملتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں