بونیر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مطلوب کمانڈر ہلاک، دو زخمی

راولپنڈی (ک م) خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا مطلوب کمانڈر ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بونیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب کمانڈر سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد کمانڈر سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔

تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب جاوید ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، مزید کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بونیر میں اپنے سینئیر کمانڈر سلیم عرف ربانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں