مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کے 99 روز، سرچ آپریشن کے دوران 2 نوجوان شہید

سرینگر (ڈیلی اردو/کے ایم ایس) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور وادی میں مودی سرکار کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کو 99 روز ہوگئے ہیں۔

بھارتی فوج نے بانڈی پورہ سمیت مختلف علاقوں میں کئی روز سے سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کی آڑ میں گھروں میں تلاشی کے بہانے داخل ہوکر نہتے لوگوں کو زد و کوب کیا جارہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران بانڈی پورہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جس کے بعد بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز کے سرچ آپریشن میں شہید کشمیریوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ کے ایم ایس کے مطابق بارہ گھنٹے کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔

مواصلاتی نظام کی بندش کے باعث کشمیریوں کا دنیا سے کوئی رابطہ نہیں۔ کرفیو زدہ علاقے میں اشیائے خور و نوش اور دواؤں کی انتہائی شدید قلت ہے۔ تعلیمی ادارے، ہسپتال، مساجد اور امام بارگاہوں پر بھی تالے لگا دیئے گئے ہیں۔

بھارتی حکومت کی درندگی اور سخت ترین مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ 5 اگست کو بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 ختم کر کے جموں و کشمیر اور لداخ کو زبردستی بھارتی یونین کا حصہ بنا دیا تھا۔

بھارت نے 5 اگست کو ہی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے وادی میں 9 لاکھ سے زائد اضافی نفری تعینات کر دی۔

واضح رہے کہ قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے حریت قیادت اور مقامی سیاسی رہنماؤں کو بھی گھروں میں نظربند یا جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں