علی ظفر کا میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے کے ہتک عزت کا دعویٰ دائر

لاہور (ڈیلی اردو) پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے کے ہتک عزت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گلوکارہ میشا شفیع اداکار و گلوکار علی ظفر کے خلاف اپنا بیان قلمبند کروانے کمرہ عدالت پہنچ گئیں، اداکارہ میشا شفیع اپنی والدہ صبا حمید کے ہمراہ عدالت پہنچی ہیں۔

عدالت مقدمہ میں میشا شفیع کے مینجر سید فرحان علی کا بیان قلمبند کر چکی ہے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ علی ظفر کے دعوے پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور کی سیشن کورٹ میں میشا شفیع علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے سے متعلق سماعت کے لیے پیش ہوئی تھیں جبکہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی مصروفیات کے باعث 9 دسمبر تک ملتوی ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے گلوکارہ آج اپنا بیان عدالت کو قلمبند کرانے پہنچی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی پر بات کرنا آسان نہیں لیکن اس پر خاموش رہنا بھی بہت مشکل ہے، میں خاموش رہنے کے کلچر کو توڑوں گی جو معاشرے میں سرائیت کرچکا ہے۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کر تے ہوئےکہا تھا کہ میں الزام کا جواب الزام سے نہیں دوں گا بلکہ میشا شفیع کے خلاف عدالت جاؤں گا اور مجھے پورا یقین ہے کہ سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے۔

علی ظفر کی جانب سے ہراسانی کا الزام لگانے پر میشا شفیع پر ایک ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں