ادلب (نیوز ڈیسک) شام میں اتحادی افواج کے دو فضائی حملوں میں کم سن بچی سمیت 12 شہری شہید ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں بشارالاسد کی اتحادی افواج نے دو مختلف مقامات پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سن بچی سمیت 12 شہری شہید ہوگئے۔
اتحادی افواج کے طیاروں نے ادلب میں داعش جنگجوؤں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں 8 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ اس علاقے میں ایک مارکیٹ کو بھی ہدف بنایا گیا جہاں کم سن بچی سمیت 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
شام میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی امور سے متعلق ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملوں میں ہونے والی ہلاکتیں عام شہریوں کی ہیں جب کہ رہائشی عمارتیں اور تجارتی مراکز مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں اتحادی افواج اور جنگجوؤں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے جس میں زیادہ نقصان عام شہریوں کا ہو رہا ہے۔ فریقین کے درمیان معاہدے کے تحت ایک ’بفرزون‘ قائم کردیا گیا ہے تاہم جنگجوؤں کی جانب سے پیش قدمی جاری ہے۔