حیدرآباد (ڈیلی اردو) سندھ کے ضلع حیدراباد میں سینئر صحافی کی تشدد زدہ لاش انکے فلیٹ الرحیم سینٹر سے ملی۔
تفصیلات کے مطابق معروف سندھی صحافی الیاس وارثی کی بری طرح تشدد زدہ لاش ان کے فلیٹ سے برامد ہوئی ہے۔ حیدرآباد میں مقیم صحافی طویل عرصے سے ایک سندھی اخبار روزنامہ کاوش سے منسلک تھے۔ ذرائع کے مطابق حیدر آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فلیٹ پر پہنچ گئے۔ صحافیوں کی بڑی تعداد بھی الرحیم سینٹر پہنچ گئی۔ مقتول صحافی کا تعلق سندھی روزنامہ کاوش سے تھا۔ مقتول پریس کلب کے سینئر ممبر تھے۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سینئر صحافی الیاس وارثی کے قتل واقعے کا نوٹس لے لیا۔ آئی جی سندھ نے ایس ایس پی حیدرآباد سے پولیس اقدامات پر مشتمل انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق حیدرآباد کے سینئر صحافی و ممبر پریس کلب الیاس وارثی کو نامعلوم افراد الرحیم سینٹر پر واقع انکے فلیٹ میں قتل کرکے فرار ہوگئے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے حیدرآباد پریس کلب کے سابق نائب صدر اور سینئر صحافی الیاس وارثی کے سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ کے یو جے کے صدر حسن عباس جنرل سیکرٹری عاجز جمالی اور ایگزیکٹو کونسل کے ارکان نے آئی جی سندھ پولیس ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ الیاس وارثی کے قاتلوں کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیر پولیس کی نا اہلی ثابت کرے گی۔