کراچی: خرم ذکی اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث لشکر جھنگوی کے تین دہشت گرد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے تین خطرناک دہشتگردوں گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گرد معروف صحافی اور سماجی رہنما شہید خرم ذکی، سید محمد رضا رضوی، علی تقی، حسن کشمیری سمیت متعدد شیعہ افراد کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے تین خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق پرانی سبزی منڈی کے قریب تربوز گراؤنڈ میں کارروائی کر کے دہشت گرد محمد ذاکر ولد محمد اختر، عدنان وقار عرف جیرا ولد جمال الدین اور نعمان ولد عبدالرشید کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد افغانستان سے اسلحہ چلانے کی تربیت لے کر آئے تھے اور دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ملزمان پولیس کو کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب تھے۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے نیوز ون کے صحافی اور معروف سماجی رہنما شہید خرم ذکی، سید محمد رضا رضوی، علی تقی، حسن کشمیری سمیت کئی شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ، بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مزید اہم سنسنی خیز انکشافات متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں