پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے پشاور میں اہم کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم ”القاعدہ“ کو خفیہ طریقے سے فنڈنگ کرنے پر غیر سرکاری تنظیم کے ریجنل ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور میں اہم کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم”القاعدہ“ کو خفیہ طریقے سے فنڈنگ کرنے پر غیر سرکاری تنظیم ”ایچ سی آئی“ کے ریجنل ڈائریکٹر علی نواز کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پشاور کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے تحریری مراسلہ موصول ہوا تھا کہ ”ایچ سی آئی“ نامی نان گورنمنٹ آرگنائزیشن بیرون ممالک سے فلاحی کاموں کے نام پر بھاری رقوم حاصل کرکے خفیہ طریقوں سے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کو فراہم کرتی ہے۔
اور اس طرح سے مذکورہ این جی او دہشت گردی کی کاروائیوں کو پرواان چڑھانے میں تنظیم کی مدد کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ مراسلے پر انہوں نے دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کرکے کاروائی کرتے ہوئے ایچ سی آئی آرگنائزیشن کے ریجنل ڈائریکٹر علی نواز ولد امیر نواز سکنہ چترال حال حیات آباد فیز 6 کو خیبر روڈ سے گرفتار کرلیا۔
ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جس سے اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔