پنجاب کے مدارس میں 286 غیر ملکی طلباء کے غیر قانونی قیام کا انکشاف

لاہور (ڈیلی اردو) پنجاب کے مدارس میں 286 غیر ملکی طلبا کے غیر قانونی قیام کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی طرف سے صوبائی حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب کو غیر قانونی طور پر مقیم ایسے طلبا کے بار ے میں آگاہ کیا گیا ہے جن کے بارے میں امکان ہے کہ یہ دہشت گردی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے مدارس میں 300 سے زائد غیر ملکی طالب علموں میں سے 286 طلبا ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام پذیر اور وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی طرف سے صوبائی حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب کو غیر قانونی طور پر مقیم ایسے طلبا کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے جن کے بارے میں امکان ہے کہ یہ دہشت گردی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

حکام نے مدرسوں کی انتظامیہ کو ان کے دستاویزات وزارت داخلہ ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بھارت، چین، چاڈ، سری لنکا، ایتھوپیا، الجزائر، یوگانڈا، کوموروس، اردن، سینیگال، لیبیریا اور میانمار سمیت 26 ممالک سے 302 طالب علم پنجاب میں موجود ہیں جن کے ویزا کی معلومات سے متعلق انکشاف اسپیشل برانچ کے فیلڈ اسٹاف کی چیکینگ کے دوران ہوا۔

فیلڈ اسٹاف کو معلوم ہوا کہ 286 طالب علموں کے ویزا کی مدت پوری ہو چکی ہے اور وہ اب بھی ملک میں بغیر قانونی دستاویزات کے قیام پذیر ہیں۔

ان تمام غیر ملکی طالب علموں میں سے 20 صرف راولپنڈی میں قیام پذیر ہیں، جن میں 12 تھائی لینڈ، 2 ملائیشیا، 2 چین، ایک قازقستان اور ایک فلپائن کے رہائشی ہیں۔ اس کے علاوہ 9 غیر ملکی طالب علم ضلع گوجرانوالہ میں موجود ہیں جن میں سے 4 کے پاس ویزا ہے جبکہ اٹک میں 5 مدرسوں میں تمام غیر ملکی طالب علموں کے پاس ویزا نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی طالب علموں کے ویزے کی مدت زیادہ سے زیادہ 2023 تک ہے۔

زائد المیعاد ویزا والے طالب علموں میں 70 تھائی لینڈ، 55 فلپائن، 31 انڈونیشیا، 20 ملائیشیا، 20 سوڈان، 20 چین، 14 قازقستان، 14 چاڈ اور 11 الجزائر کے رہائشی ہیں جبکہ 3 بھارتی شہری بھی زائد المیعاد ویزا کے ساتھ لاہور میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسپیشل برانچ پنجاب نے تمام مدرسوں سے غیر ملکی طالب علموں کے دستاویزات وزارت داخلہ بھیجنے کی ہدایت کی تاکہ ان کے ویزا میں توسیع دی جا سکے۔

ضلعی پولیس نے مدرسوں کے انتظامیہ سے غیر ملکی طالب علموں کی سیکیورٹی اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے تعاون کی ہدایت کی ہے۔

سینیئر سیکیورٹی حکام کے مطابق اسٹوڈنٹ ویزا وزارت داخلہ اور وزارت تعلیم کو موصول ہونے والے درخواستوں کے بعد جاری کیے جاتے ہیں، اس طرح کے ویزے متعلقہ وزارتوں کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد جاری ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب غیر ملکی طالب علموں کے ویزا کی مدت ختم ہوجاتی ہے تو مدرسے کی انتظامیہ کی جانب سے وزارت داخلہ کو اس میں توسیع کی درخواست بھیجی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی مقیم ان طلبا کے متعلقہ سفارتخانوں سے بھی رابطہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں