نیب نے مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کرلیا

لاہور (ڈیلی اردو) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف اور عباس شریف کو گرفتار کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو آج طلب کیا تھا جس پر انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کی تھی جس کے بعد وہ اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچیں جہاں نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ مریم نواز اور یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کر لیا، چیئرمین نیب کے حکم پر ڈاکٹروں کی ٹیم مریم نواز اور یوسف عباس کا طبی معائنہ کرے گی جس کے بعد دونوں کو کل احتساب عدالت لاہور میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز 31 جولائی کے سوالنامے کے تسلی بخش جواب نہیں دے سکی تھیں، جس پر انہیں آج یعنی 8 اگست کو نیب نے طلب کر رکھا تھا۔

نیب کی جانب مریم نواز کو دیئے گئے سوالنامے میں سرمایہ کاری اور اراضی سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے ہیں۔

سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز کی تفصیلات فراہم کریں، مل کب لگائی گئی، سرمایہ کاری کہاں سے آئی اور شیئر ہولڈرز کون ہیں۔

سوالنامے میں مزید کہا گیا ہےکہ 21 مئی 2008 کی غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری کا جواب دیں اور 4 موضع جات میں خریدی گئی اراضی کی تفصیل بھی فراہم کریں۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف کو نیب ہیڈ کوارٹرز لے جایا جائے گا۔

‏ذرائع کے مطابق نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس شریف کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نوازشریف کے بھتیجے یوسف عباس سے چوہدری شوگر مل کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے اور گزشتہ ماہ انہیں نیب نے طلب بھی کر رکھا تھا اور انہیں کہا گیا تھا کہ یوسف عباس 800 ملین کا قرضہ جو دیا گیا اس کی تفصیلات، چوہدری شوگر ملز میں کتنے شئیرز ہیں، کتنا قرضہ لیا، کتنی رقم ٹی ٹی کے ذریعے وصول کی تمام تفصیلات فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں