اوسلو (ڈیلی اردو) ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے مضافات میں قائم النور مسجد پر دہشت گردانہ حملے کو پاک فضائیہ کے 65 سالہ ریٹائرڈ افسر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنایا۔
محمد رفیق نے روئٹرز کو بتایا کہ ’میں نے مسجد کے باہر ہونے والی فائرنگ کی آواز سنی۔ حملہ آور نے دو افراد پر فائرنگ شروع کر دی۔‘
محمد رفیق کے مطابق انھوں نے حملہ آور پر بزورِ بازو قابو پا لیا، اسے نیچے گرایا اور ہتھیار اس سے چھین کر دور پھینک دیے۔
انھوں نے بتایا کہ اس عمل کے دوران حملہ آور نے اپنی پوری انگلی ان کی آنکھ میں گھسا دی جس سے وہ معمولی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ 10 اگست کو سفید فام دہشت گرد نے النور اسلامک سینٹر میں فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد کے امام عرفان مشتاق کا کہنا تھا کہ 2 شارٹ گن اور ایک پستول سے لیس دہشت گرد ہیلمٹ اور زرہ بکتر پہنے مسجد میں داخل ہوا اور اس نے گولیاں چلائیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ملزم کے گولی چلاتے ہی 65 سالہ پاک فضائیہ کے محمد رفیق نے اسے پکڑ لیا جس پر انہیں چوٹیں بھی آئیں’۔