اشتعال انگیز تقریر کیس: بانی ایم کیو ایم الطاف حسین لندن میں گرفتار

لندن (ڈیلی اردو) اشتعال انگیز تقریر کیس میں بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کرکے فرد جرم عائد کردی گئی۔ ان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت فردجرم عائد کی گئی۔ بانی ایم کیو ایم کو آج ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

لندن کے سدک پولیس میں اسٹیشن بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں 4 ماہ میں تیسری بارپیش ہوئے جہاں انہوں نے تیسری بار بھی لندن پولیس کے سوالوں کے جوابات نہیں دیئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو سوالات کے جواب نہ دینے اور شواہد کی روشنی میں پراسیکیوشن نے بانی ایم کیو ایم پر سدک پولیس اسٹیشن میں فرد جرم عائد کی۔ بانی ایم کیو ایم پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کےتحت فردجرم عائدکی گئی۔ میٹرو پولیٹن پولیس اور اسکاٹ لینڈیارڈ کے اسپیشل یونٹ نے الطاف حسین کو حراست میں لے لیا۔

بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو آج ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم پر 2016 میں نفرت انگیز تقریروں کا الزام ہے، لندن پولیس نے انہیں رواں برس 11 جون کو نفرت انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور وہ گزشتہ ماہ 12 ستمبر کو بھی ضمانت ختم ہونے پر سدک پولیس اسٹیشن پیش ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں