بھارتی وزیراعظم مودی میزائلوں سے لیس طیاروں میں سفر کرینگے

نئی دہلی (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) بھارتی صدر رام ناتھ کوند اور وزیراعظم نریندر مودی آئندہ سال جولائی سے میزائل اور دفاعی نظام سے لیس 2 خصوصی امریکی طیاروں میں سفر کریں گے۔

بھارتی ویب سائٹ “انڈیا ٹو ڈے” کے مطابق بھارتی صدر اور وزیراعظم مودی کے لیے میزائلوں اور دفاعی نظام سے لیس دو بی 777 طیارے امریکا سے جولائی میں بھارت پہنچیں گے۔

یہ طیارے صرف بھارتی صدر، نائب صدر اور وزیراعظم کے زیر استعمال لائے جائیں گے جن کو بھارتی فضائیہ کے پائلٹس اُڑائیں گے۔

ان دیو قامت طیاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ایئر انڈیا انجینئرنگ سروس لیمٹڈ  (AIESL)  کے پاس ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی صدر، نائب صدر اور وزیراعظم فی الحال ایئرانڈیا کے B747 طیاروں میں سفر کر رہے ہیں جنہیں ایئر انڈیا کے پائلٹس اُڑا تے ہیں، جبکہ ان طیاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ی ایئر انڈیا انجینئرنگ سروس لیمٹڈ کے پاس ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں امریکا نے بھارت کو 190 ملین ڈالر مالیت کے 2 میزائل دفاعی نظام بیچنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

بھارتی فضائیہ کے سینئر افسر کے مطابق B777 طیاروں کو اُڑانے کے لیے بھار تی فضائیہ کے 4 سے 6 پائلٹس کو تربیت دے دی گئی ہے جبکہ مزید پائلٹس کو جلد ہی تربیت دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں