تہران: آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

تہران + اسلام آباد (ڈیلی اردو/ارنا) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پربات چیت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر بیان میں لکھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات ہوئی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات سمیت خطےکی صورتحال پربات چیت کی گئی جب کہ ایرانی صدرنے خطےمیں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر ایرانی صدر نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کوبھی سراہا۔

ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت نے ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان دیرینہ تعلقات کو قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

صدر روحانی نے مزید کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے قریبی مراسم اور عوامی رابطوں سے دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ہم گیس پائپ لائن کو پاکستانی سرحد تک لائے ہیں اور اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لئے بھی مکمل آمادہ ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہم کو دونوں مماک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے راستے میں موجودہ حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔

حسن روحانی نے دونوں ممالک کی سرحدوں کی سلامتی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسمگلنگ کی لعنت اور اسمگلروں سے مقابلہ کے لیے باہمی تعاون کر سکتے ہیں۔

ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک ایران اور پاکستان کے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتا ہے لیکن آج ہم بعض مسلم ممالک اور بھائیوں کے درمیان جنگ کا مشاہدہ کر رہے ہیں لہذا ہمیں ان مسلم ممالک کو قریب لانے کے لئے کوشش کرنی ہوگی.

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو دو دوست اور پڑوسی ممالک کی حیثیت سے اپنے باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو دنیا میں دیکھانا ہوگا۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل سربراہ اور ایرانی سپہ سالار میجرجنرل سیدعبدالرحیم موسوی کی ملاقات ہوئی، ان ملاقاتوں میں باہمی عسکری تعلقات،تعاون پر بات چیت کی گئی۔

یاد رہے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تہران پہنچے تھے، جہاں انھوں نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک ایران بارڈر سیکیورٹی میکنزم پر بھی بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا دوسرا سرکاری دورہ ایران ہے انہوں نے اس سے پہلے اکتوبر مہینے میں ایران کا دورہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں