ڈیرہ اسماعیل خان: گومل یونیورسٹی میں اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کانفرنس کا انعقاد

ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) نظریہ پاکستان سب نے پڑھا ہے مگر آج کی دور میں اس نظریہ کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا اور اس کے آگے لے کر چلنا ہر پاکستانی کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں ہر قسم کا حربہ استعمال کرکے پاکستان کو خدانخواستہ لیبیا، شام، عراق، افغانستان بنانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ان کا یہ خواب انشاء اللہ کبھی پورا نہیں ہو گا۔ کیونکہ پاکستان جس نظریے کے تحت معرض وجود میں آیا اس کی بنیادوں میں ہمارے آبائو اجداد کا خون شامل ہے اور ہمارے نوجوان نسل اپنی آبائو اجداد کا خون کبھی رائیگان نہیں جانے دیںگی۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کانفرنس کے موضوع پر منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شادی اللہ خان، کوارڈینیٹر گریجویٹ اسٹیڈیز، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن گومل یونیورسٹی الحاج دلنواز خان، پروفیسر ڈاکٹر ستار بخش اعوان ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئر، مرکزی صدر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ شہیر سیالوی، عبدالحمید لون، آل پارٹیز حریت کانفرنس، مقبوضہ کشمیر، نمائندہ برائے اقوام متحدہ، سید منظور احمد شاہ، رہنما آل پارٹیز حریت کانفرنس سرسید احمد خان کے پڑپوتے سید احمد رشید، فیصل سیال صوبائی صدر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ، گومل یونیورسٹی کے اساتذہ، انتظامی افسران، طلباء سمیت اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران و عہدیداران بھی شریک تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے کہا کہ آج ہم سندھی ہیں، پٹھان ہیں، پنجابی ہیں، سرائیکی، بلوچی، جو بھی صرف اپنے پیارے ملک پاکستان کی وجہ سے ہیں پاکستان ہیں تو میں اور آپ ہیں پاکستان نہیں تو کوئی کچھ نہیں۔ آج ہمارے اداروں میں کچھ شرپسند عناصر موجود ہیں جو ہماری جڑیں کو کھوکھلا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں وہ بھول جاتے ہیں کہ یہاں کی فوج، پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں ان کوہرموڑ پر شکست دینے کیلئے ہر وقت تیار کھڑے ہیں چاہے وہ ملک کے اندر ہو یا پھر بائونڈری لائن پر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا آج کا مسلمان بہت پیچھے رہ گیا ہے اس کی کمی آپ طلباء نے پوری کرنی ہے۔ ہمارے ملک اور خصوصا ہمارے اس خطے دامان اور خصوصا قبائلی علاقوں کے طلباء بہت ہی ذہین ہیں ان کو اپنی سوچ مثبت کرنا ہو گی تو کوئی شک نہیں کہ کامیابی اور ترقی ان کے قدم چومے۔ آج نظریہ پاکستان کانفرنس کے حوالے سے آپ طلباء ایک بات ضرور یہاں سے لے کر جائیں کہ آپ ہمیشہ سچ بولیں گے ، محنت کریں گے۔ زندگی کے ہر شعبہ چاہئے وہ گھر، یونیورسٹی، یا آپ کے کام کی جگہ ہو وہاں ہمیشہ مثبت رہیںگے، اگر ان میں سے کوئی بھی ایک بات آپ نے پکڑ لی تو میں سمجھوں گاکہ آج کی تقریب اور ان مہمانوں کے آنے کا مقصد پورا ہو گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے مرکزی صدر شہیر سیالوی نے کہا کہ آج ہمارے ملک کوجوحالات درپیش ہیں وہ کیوں ہیں؟ مغربی ممالک کس طرح کے ہمارے ملک کے خلاف اور ہماری نوجوان نسل کو تباہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا کے ذریعے کس طرح کام کر رہے ہیں اس کو سمجھنے کیلئے ہماری نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان کی اہمیت کوسمجھنا ہو گا۔ ہمیں اس قومیت، رنگ و نسل کے فرق سے نکالنا ہو گا اور یہ سمجھنا ہو گا کہ ہم سب صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔

شہیر سیالوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو پٹھانوں نے آزاد کشمیر کا تحفہ لا کر دیا تھا۔ آج دہشتگردی کو داڑھی سے جوڑا جاتا ہے اس وقت سب سے بڑا دہشتگرد ٹرمپ ہے اس کی داڑھی نہیں، ہٹلر جیسے دہشتگرد کی داڑھی نہیں تھی، اصل دہشت گرد یہ ہیں۔ 14 سو سال میں ںسے ایک ہزار سال دنیا پر اسلام نے حکومت کی۔ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے کہ جب 6 ستمبر کی تقریب میں ایک شہید فوجی کی بوڑھی پٹھان خاتون کو اسٹیج پر بلایا گیا تو میرا خیال تھا کہ یہ اپنے شہید بیٹے کی بات کرے گی مگر اس ماں نے اسٹیج پر آتے ہی اپنی پشتو زبان میں جو تاریخی الفاظ کہے اس نے وہاں بیٹھے تمام لوگوں کے دل دہلا دیا۔ اس نے کہا کہ پاکستان فکر نہیں کر ابھی پٹھان ماں زندہ ہے اور ہر پٹھان بچے پیارے ملک پر قربان ہے۔ نظریہ پاکستان اس جذبے کے نام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح سے جب پوچھا گیا کہ آپ پاکستان کو مغربی ممالک کے طریقہ کارپر چلائیں گے تو انہوں نے کہا کہ تھا میں پاکستان کو حضرت محمد ۖ کی تعلیمات کی روشنی میں چلائوں گا۔ پاکستان جس نظریہ کے تحت بننا اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ آج کشمیر میں ہزاروں بہنیں، مائیں، بھائی، ہمیں پکار رہے ہیں ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑجا رہے ہیں اور وہ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ شاید کوئی طارق بن زیاد، نوردین زنگی یا ٹیپو سلطان آئے گا۔ آج امریکہ، انڈیا اور فلسطین پاکستان اور دیگر تمام اسلامی ممالک کو لڑانے کی کوشش کررہے ہیں جس کو ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اب کسی اسلامی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونگے۔ ہماری بندوق چلے گی تو انڈیا کیلئے، امریکہ اور اسرائیل کیلئے۔

تقریب سے آل پارٹیز حریت کانفرنس، مقبوضہ کشمیر، نمائندہ برائے اقوام متحدہ، عبدالحمید لون، حریت رہنما سید منظور احمد شاہ، سرسید احمد خان کے پڑپوتے سید احمد رشید، صوبائی صدر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ فیصل سیال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری، اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے مرکزی صدر شہیر سیالوی اور دیگر مہمانان گرامی اور اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے عہدیداران و آرگنائزرز کو شیلڈ اور سرٹیفکیٹ بھی دی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں