ملائیشیا: ‏ترک صدر رجب طیب اردوان کوالالمپور پہنچ گئے

کوالالمپور (ڈیلی اردو/ٹی این ٹی) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے ہیں۔

ملائیشیا میں اپنی مصروفیات کے دوران صدر ایردوان نے سب سے پہلے پتراجایا میں وزارت اعظمیٰ دفتر میں وزیر اعظم مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کی۔

ٹرکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن کے مطابق بند کمرے کی اس ملاقات میں صدر ایردوان اور وزیر اعظم مہاتیر کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں 15 سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترکی اور ملائیشیا کی حکومتوں کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر ترکی کے وزیرِ صنعت و ٹیکنالوجی مصطفیٰ وارانک اور ملائیشیا کے وزیرِ توانائی ، سائنس وٹیکنالوجی ‘یوبی یِن ‘نے دستخط کئے۔

علاوہ ازیں ترکی اور ملائیشیا کی دفاعی و ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان 14 خیر سگالی سمجھوتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

بعد ازاں صدر رجب طیب اردوان نے ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ رعایت الدین مصطفیٰ بااللہ شاہ کے ساتھ ملاقات کی۔

شاہی محل میں ہونے والی بند کمرے کی یہ ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔

ملاقات میں صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ امینہ اردوان اور سلطان عبداللہ کی اہلیہ عزیزہ امینہ میمونہ اسکندریہ نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں