ٹانک میں فائرنگ سے امن کمیٹی کے سابق سربراہ ترکستان بیٹنی بھتیجے سمیت جاں بحق، 4 زخمی

وانا (دین محمد وزیر) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں جنڈولہ کے علاقے کڑی وام کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملے میں امن کمیٹی کے سابق سربراہ ترکستان بیٹنی بھتیجے سمیت جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹانک کی تحصیل جنڈولہ میں کڑی وام کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملے میں امن کمیٹی کے سابق سربراہ ترکستان بیٹنی بھتیجے عزیز الرحمان سمیت جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ٹانک کے علاقے کڑی وام میں پیش آیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے ترکستان بیٹنی کے 4 گارڈز بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال جنڈولہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنڈولہ میں ٹرانسپورٹ اڈا کے قیام پر ترکستان بیٹنی اور نصراللہ بیٹنی میں پشاور کیلئے ٹرانسپورٹ اڈا کھولنے کا تنازعہ کافی عرصے سے چل رہا تھا جو آج لڑائی میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں فریقین میں فائرنگ کے تبادلہ سے امن کمیٹی کے سابق کمانڈر ترکستان بیٹنی بھتیجے عزیز الرحمان سمیت جاں بحق جبکہ بیٹے سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

فائرنگ سے جنڈولہ بازار میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کر دیئے گئے۔

یاد رہے کہ ترکستان بیٹنی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کافی سرگرم تھے اور جنڈولہ، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک طالبان کے خلاف فورسز کے ساتھ مل کر کاروائیاں کرتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں