گلگت بلتستان: بلند آواز میں ماتمی نوحہ سننے پر دو شیعہ نوجوان قتل، حالات کشیدہ

اسلام آباد + گلگت (ش ح ط/ڈیلی اردو) صوبہ گلگت بلتستان کے علاقے نلتر بالا میں عید کے روز پکنک پر جانے والے شیعہ سنی گروپوں میں نوحہ سننے پر تصادم ہوا۔ جس کے نتیجے میں دو شیعہ نوجوان ہلاک ہوگئے۔

سرکاری ذرائع مطابق چند اہل تشیع نوجوان ایک بازار میں سگریٹ لینے رکے جبکہ گاڑی میں اونچی آواز میں “ماتمی نوحے” لگائے تھے جس پر سنی افراد نے اعتراض کیا جس پر لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس حکام نے نمائندہ ڈیلی اردو کو بتایا کہ مقامی لوگوں کے دو گروپوں میں اونچی آواز میں ماتمی نوحہ پر جھگڑا ہوا۔ سنی گروپ کے چند شرپسند عناصر نے شیعہ نوجوانوں پر پتھراؤ اور فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں شیعہ نوجوان فرجات حسین موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ سلیم عباس دوران علاج مقامی ہسپتال میں دم توڑ گیا، دونوں نوجوانوں کا تعلق نلتر پائین سے ہے۔

واقعے کے بعد سے علاقے میں کشیدگی کی فضا برقرار ہے۔ ایک طرف شیعہ برادری حملے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، وہیں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس وقت زیادہ توجہ قیامِ امن پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں موجود شیعہ برداری کے افراد کی سکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق اب تک 20 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں