نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی آکسفورڈ سے گریجویشن مکمل

لندن (ڈیلی اردو/وی او اے) دنیا کی سب سے کم عمر نوبیل انعام یافتہ پاکستان کی ملالہ یوسف زئی نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرلی ہے۔

دنیا بھر میں ان کی کامیابی کو دوسروں سے زیادہ سراہا جارہا ہے، کیونکہ تعلیم حاصل کرنے کے حق کے لیے آواز اٹھانے پر 8 سال پہلے طالبان نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔

22 سالہ ملالہ کے ڈگری مضامین میں فلسفہ، علم سیاسیات اور معاشیات شامل تھے۔ انھوں نے اس کی خوشی مناتے ہوئے اپنی دو تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر جاری کیں۔ ایک میں وہ رنگوں میں بھری ہوئی ہیں جس سے لگتا ہے کہ جشن مناتے ہوئے ان پر رنگ پھینکے گئے اور شاید ان کے ہاتھ کیک کی کریم سے بھرے ہوئے ہیں۔

دوسری تصویر میں وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ گھر میں کیک کاٹ رہی ہیں۔ ان کے والد ضیا الدین یوسف زئی مسکرا رہے ہیں، جبکہ ملالہ شکر گزار آنکھوں سے اپنی والدہ کو دیکھ رہی ہیں۔

ملالہ نے تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرے لیے اپنی خوشی اور احساس تشکر کو بیان کرنا مشکل ہے۔ میں نہیں جانتی کہ آگے کیا ہے۔ فی الحال تو صرف نیٹ فلکس، مطالعہ اور نیند ترجیح ہیں۔

ملالہ یوسف زئی کا تعلق خیبر پختونخوا کے خطے سوات سے ہے جہاں کئی سال تک ملا فضل اللہ کی سربراہی میں مقامی طالبان نے دہشت کا بازار گرم رکھا۔ ملا فضل اللہ بعد میں کالعدم تحریک طالبان کا سربراہ بنا۔

ملالہ یوسف زئی نے بی بی سی کی ویب سائٹ پر گل مکئی کے نام سے طالبان کے خلاف ڈائری لکھی اور لڑکیوں کی تعلیم روکنے پر احتجاج کیا۔ 2012 میں اسکول سے گھر آتے ہوئے ان پر فائرنگ کی گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوئیں۔

انھیں ابتدائی علاج کے بعد برمنگھم روانہ کیا گیا جہاں ان کی جان بچالی گئی۔ اس کے بعد سے وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وہیں مقیم ہیں۔ صحت یاب ہوتے ہی انھوں نے تعلیم کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع کردیا تھا، جبکہ پاکستان اور دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے پہلے سے زیادہ بلند آواز اٹھانا شروع کردی تھی۔ اس کے لیے انھوں نے ملالہ فنڈ کے نام سے فلاحی تنظیم بھی قائم کی۔

ملالہ کے ٹوئیٹ پر دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہوا اور کئی مشہور شخصیات نے پیغامات بھیجے۔ ان میں ناسا کی خلاباز این میک کلین شامل تھیں۔

این میک کلین نے لکھا، ملالہ! آپ کو گریجویشن پر مبارک باد۔ بہت سے لوگوں کے لیے اعلیٰ تعلیم بڑے کام کرنے کا نقطہ آغاز ہوتی ہے۔ آپ کے لیے یہ لمحہ بڑے کام کرنے کے بعد آیا ہے۔ اور میں اندازہ لگا سکتی ہوں کہ آپ مستقبل میں اور بہت سے بڑے کام کریں گی۔ یہ دنیا خوش قسمت ہے کہ اس میں آپ موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں