امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد 8 ہزار 600 تک کم کردی

واشنگٹن (ڈیلی اردو/آئی این پی) امریکی جنرل نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجی دستوں کی تعداد 8 ہزار 600 تک کم کردی ہے اور امریکہ طالبان معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں انخلا کی ذمہ داری پوری کردی ہے۔

امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر کینیتھ مکینزی نے ایک تقریب میں کہا کہ امریکہ نے معاہدے میں اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے، مکینزی نے کہا کہ ہمارا 135 روز میں تعداد آدھی کر کے 8 ہزار کی سطح پر اتفاق ہوا تھا اور اب ہماری اتنی تعداد ہے۔معاہدے کے مطابق اگر طالبان معاہدے کی شرائط پر عمل کرتے ہیں جس میں دہشت گرد گروہوں سے رابطے منقطع کرنا بھی شامل ہے تو مئی 2021 تک امریکی فوج کا ملک سے مکمل انخلا ہوگا۔

مکینزی نے مکمل انخلا کو خواہش سے بھرپور عزم لیکن اسے مشروط بھی قرار دیا، شرائط میں یہ ہونا چاہئے کہ ہم مطمئن ہوں کہ افغانستان سے ہمارے ملک پر حملے نہیں ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق امریکی انتظامیہ افغانستان سے جلد از جلد تمام امریکی دستوں کو نکالنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کررہی ہے۔

ان میں سے ایک ممکنہ ہدف آمدہ نومبر ہے جب ملک میں صدارتی انتخاب ہوں گے۔امر یکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تاریخ مقرر کرنے سے انکار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ کہا کہ جتنی جلدی مناسب ہو انہیں افغانستان سے امریکی دستوں کی مکمل واپسی کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں