اسکاٹ لینڈ: گلاسگو میں چاقو سے حملہ، 3 افراد ہلاک

لندن (ڈیلی اردو) اسکاٹ لینڈ میں چاقو حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک پولیس افسر زخمی ہوا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق چاقو حملے کا واقعہ اسکاٹ لینڈ کے علاقے گلاسگو میں پیش آیا۔

برطانوی میڈیا نے اس حوالے سے کہا کہ اسکاٹش پولیس فیڈریشن نے چاقو حملے میں آفیسر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دریں اثنا گلاسگو پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور کو پولیس نے گولی مار دی تھی اور وہ مرچکا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کے سلسلے میں انہیں مزید کسی شخص کی تلاش نہیں ہے۔ اور انہیں یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں لگتا۔

ہوٹل میں موجود ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ یہ ایک خونی منظر تھا۔ اس نے ہر طرف خون بکھرا ہوا دیکھا۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے گلاسگو میں اس خونریزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے جنوبی انگلینڈ کے شہر رَیڈنگ میں بھی چاقو سے مسلح ایک شخص نے ایک پارک میں چند افراد کے ایک گروپ پر حملہ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے میں بھی حملہ آور پولیس کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے کہا تھا کہ وہ اس حملے کی ایک دہشت گردانہ کارروائی کے طور پر تفتیش کر رہی تھی۔

خیال رہے کہ جون 2017 میں بھی لندن برج پر 3 مسلح افراد نے عوام پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے بعد انہوں نے اس کے قریبی علاقوں میں لوگوں پر حملے بھی کیے تھے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں