مفتی عبد المجید دین پوری سمیت 3 علماء کی ٹارگٹ کلنگ کے مجرم کی سزا کالعدم

کراچی (ڈیلی اردو) سندھ ہائیکورٹ نے مفتی عبد المجید دین پوری سمیت 3 علماء کی ٹارگٹ کلنگ میں سزا یافتہ مجرم علی حسان زیدی کی سزا کیخلاف اپیل منظور کرلی۔

جسٹس نذر اکبر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مفتی عبدالمجید دین پوری سمیت 3 علماء کی ٹارگٹ کلنگ میں مجرم کی اپیل پر فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے ایم کیو ایم کے مجرم علی حسان زیدی کی سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے اس کی سزا کالعدم قرار دے دی۔ پراسیکیوشن مجرم کی سزا برقرار رکھنے کے لیے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔

وکیل صفائی لطیف پاشا ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ استغاثہ ٹھوس شواہد پیش کرنے سے قاصر ہے، میرے موکل کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق مجرم علی حسان، حیدر، وجاہت اور قمر علی نے 3 علما اکرام کی ٹارگٹ کلنگ کی جن میں مفتی عبد الجمید دین پوری، مولانا صالح محمد اور حسن علی شاہ شامل ہیں۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 2013 میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں